ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کے جیت درج کرنے کے آثار کو دیکھتے ہوئے بینگلور پوسٹ آفس میں اکاونٹ کھلوانے خواتین کا ہجوم

لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کے جیت درج کرنے کے آثار کو دیکھتے ہوئے بینگلور پوسٹ آفس میں اکاونٹ کھلوانے خواتین کا ہجوم

Thu, 30 May 2024 11:36:47    S.O. News Service

بنگلورو، 30/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا انتخابات 2024 میں انڈیا الائنس کے جیت درج کرنے اور اقتدار پر آنے کے آثار کو دیکھتے ہوئے  بینگلور پوسٹ آفس میں خواتین کا ہجوم دیکھا جارہا ہے جو  وہاں اپنا اکاونٹ کھلوانے کے لئے  جمع ہورہی ہیں۔ یاد رہے کہ انڈیا الائنس نے وعدہ کیا تھا کہ  ان کے اقتدار پر آنے کی صورت میں  خواتین  کے اکاونٹ میں ہر ماہ 8500 روپئے جمع کرائے جائیں گے۔

2024  انتخابات کا  ساتواں اور اخری مرحلہ اب  باقی بچا ہے جس میں آٹھ ریاستوں کے 57  لوک سبھا حلقوں میں ووٹنگ کی جائے گی، جبکہ 4/جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ ایسے میں بنگلور  جنرل   پوسٹ آفس میں اکاونٹ کھلوانے کے لئے  خواتین کا غیر معمولی رش دیکھا جارہا ہے اور قطاروں میں کھڑی خواتین میں اکثریت برقع پوشوں کی ہے۔ 

قطاروں میں کھڑی خواتین کا ماننا ہے کہ  اکاونٹ کھلوانے  کے بعد   انہیں ماہانہ 8500 روپئے ملنا یقینی ہے۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  ایک خاتون نے بتایا کہ وہ صبح سے ہی قطار میں کھڑی ہیں۔ ایک اور نے کہا کہ اس کے پڑوس میں ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ کھاتہ کھلتے ہی رقم آنا شروع ہوجائے گی لہٰذا وہ بھی کھاتہ کھلوانے آگئیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے بیشتر خواتین  نے بتایا کہ اُن کا تعلق شیواجی نگر، چامراج پیٹ اور شہر کے اطراف و اکناف علاقوں سے ہے۔  جی پی او بنگلورو کے چیف پوسٹ ماسٹر ایچ ایم منجیش نے بتایا  کہ لوگ اس یقین کے ساتھ آئی پی پی بی کھاتے کھلوانے دفتر آرہے ہیں کہ محکمہ ڈاک ان کے کھاتوں میں 2ہزار یا 8500 روپئے ماہانہ جمع کرے گا۔

پوسٹ  ماسٹر  کا کہنا ہے کہ درحقیقت یہ ایک افواہ ہے۔ کسی نے یہ افواہ پھیلائی ہے۔ محکمہ انہیں رقم ادا نہیں کرے گا۔ تاہم یہ کھاتہ کسی بھی قسم کے آن لائن لین دین یا راست فائدہ (منتقلی) اسکیم کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ گاہکوں کو اس تعلق سے مطلع کرچکا ہے۔

ہم نے کچھ پوسٹرس بھی لگائے ہیں۔ اس کے باوجود گاہک ہم سے آئی پی پی بی کھاتے کھولنے کی درخواست کررہے ہیں۔ رش اتنا ہے کہ جی پی او بلڈنگ کے باہر کھلے آسمان تلے مزید کاؤنٹرس کھولے گئے ہیں۔ منجیش نے کہا کہ پہلے ہم کاؤنٹر پر 50تا 60کھاتے کھولتے تھے۔ اب ہم نے علاحدہ انتظامات کیے ہیں۔

اس کے لیے ہم نے ڈاکیوں کو کام پر لگایا دیا اور پابندی سے ہم 500تا 600کھاتے کھول رہے ہیں، بسااوقات دن میں ایک ہزار کھاتے کھولے جارہے ہیں۔“ محکمہ کے ذرائع کے مطابق یہ رش گزشتہ تین دنوں سے دیکھا جارہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ  سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی نے افواہیں پھیلائیں جس پر یقین کرکے خواتین جی پی او کی قطار میں لگ گئیں۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ انڈیا بلاک کے اقتدار پر آنے کے بعد خواتین کو 4/ جون کے بعد سے رقم ملنا شروع ہوجائے گی۔“

واضح رہے کہ کانگریس نے مہالکشمی اسکیم شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے جس کے تحت سطح غربت سے نیچے خاندانوں کی خاتون سربراہوں کے کھاتے میں 8500 روپئے راست منتقل کیے جائیں گے۔

یہ کرناٹک حکومت کی گرہا لکشمی اسکیم گیارنٹی کے مماثل ہے جس کے تحت بی پی ایل خاندانوں کی خاتون سربراہوں کو ماہانہ 2ہزار روپئے دیے جاتے ہیں۔


Share: